ہومتازہ ترینجرمن کار ساز کمپنی آڈی نے چین میں’اے 6 ایل ای ٹرون‘...

جرمن کار ساز کمپنی آڈی نے چین میں’اے 6 ایل ای ٹرون‘ گاڑی متعارف کرا دی

جرمن کار ساز کمپنی آڈی نے جمعہ کے روز چینی منڈی کے لئے مکمل طور پر بجلی سے چلنے والی ایک پُرتعیش سیڈان گاڑی ’اے 6 ایل ای ٹرون‘ متعارف کرا دی ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی گاڑیوں کی منڈی میں نئی توانائی والی گاڑیوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی فروخت کے باعث جرمن کمپنی الیکٹرک گاڑیوں کی جانب پیش رفت کو مزید تیز کر رہی ہے۔

یہ گاڑی چین کے شمال مشرقی صوبہ جی لِن کے دارالحکومت چھانگ چھون میں واقع آڈی ایف اے ڈبلیو این ای وی کمپنی کے پلانٹ میں تیار کی گئی ہے۔ یہ پلانٹ 30 ارب یوآن (تقریباً 4.4 ارب امریکی ڈالر) سے زائد سرمایہ کاری سے قائم کیا گیا ۔ یہ چین میں آڈی کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کے لئے خصوصی طور پر مختص کیا گیا پہلا پیداواری مرکز ہے۔

آڈی اے 6 ایل ای ٹرون میں ہواوے کا کیانکُن اسمارٹ ڈرائیونگ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ یہ گاڑی سی ایل ٹی سی معیار کے مطابق 815 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور صرف 4.3 سیکنڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر سکتی ہے۔

اے 6 ایل ای ٹرون اس پلانٹ میں تیار ہونے والا دوسرا ماڈل ہے۔ کمپنی نے اس سے قبل کیو 6 ایل ای ٹرون متعارف کرایا تھا۔ آڈی اور چینی کمپنی ایف اے ڈبلیو نے ایک مشترکہ منصوبے کے تحت اسی روز نیا کیو 6 ایل ای ٹرون ورژن بھی لانچ کیا۔

اس لانچ سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ آڈی چین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی الیکٹرک گاڑیوں کی منڈی میں اپنی مسابقت کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہاں مقامی برانڈز نے جدید سافٹ ویئر اور زیادہ ڈرائیونگ رینج کے ساتھ مقابلے کی فضا کو مزید سنسنی خیز بنا دیا ہے۔

آڈی ایف اے ڈبلیو حکمت عملی کے تحت روایتی ایندھن، الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کو بیک وقت فروغ بھی دے رہی ہے جبکہ اسمارٹ ڈرائیونگ صلاحیتوں میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔

مرکزی کمپنی ووکس ویگن گروپ چین کی منڈی میں سب سے پہلے داخل ہونے والی غیر ملکی کارساز کمپنیوں میں شامل تھی ۔ آڈی نے سال 1988 میں ایف اے ڈبلیو کے اشتراک سے مقامی سطح پر پیداوار کا آغاز کیا۔

رواں برس کے آغاز میں ایف اے ڈبلیو آڈی نے چین میں مجموعی طور پر ایک کروڑ گاڑیاں فروخت کرنے کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ کمپنی اس وقت کیو 7، کیو 5 ایل، اے 6 ایل اور کیو 6 ایل ای ٹرون ماڈل تیار کرت رہی ہے۔

چھانگ چھون، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

۔۔۔۔۔۔۔۔

ٹیکسٹ آن سکرین:

آڈی نے چین میں’اے 6 ایل ای ٹرون‘ گاڑی متعارف کرا دی

پُرتعیش برقی گاڑی کی لانچنگ تقریب چھانگ چھون میں ہوئی

الیکٹرک گاڑیوں کی منڈی میں آڈی کی یہ بڑی پیش رفت ہے

گاڑی آڈی ایف اے ڈبلیو این ای وی کے پلانٹ میں تیار کی گئی

جدید پیداواری مرکز 30 ارب یوآن کی سرمایہ کاری سے قائم کیا گیا

اے 6 ایل ای ٹرون میں ہواوے کا کیانکُن اسمارٹ ڈرائیونگ سسٹم نصب ہے

یہ گاڑی 815 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے

یہ 4.3 سیکنڈ میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر سکتی ہے

چین کی برقی گاڑیوں کی منڈی میں سخت مقابلہ جاری ہے

آڈی اپنی مسابقت اور اسمارٹ ڈرائیونگ صلاحیتوں کو مزید بڑھا رہی ہے

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں