پاکستانی ماڈل اور اداکارہ صحیفہ جبار خٹک ایک بار پھر اپنے متنازع بیان کی وجہ سے خبروں میں آگئی ہیں۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کینیڈا منتقل ہونے کے تجربے پر بات کی، جب ان سے پوچھا گیا کہ بیرونِ ملک جانے کے بعد اکثر پاکستانی اپنے وطن کو کیوں یاد کرتے ہیں تو انہوں نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ اس معاملے میں منافقت کا مظاہرہ کرتے ہیں، انکا کہنا تھا کہ جب لوگ دوسرے ممالک میں رہتے ہیں تو وہاں کے قوانین اور طرزِ زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن پھر بھی پاکستان کو یاد کرنے کا اظہار کرتے ہیں جو انکے نزدیک تضاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے بیرون ملک زندگی اختیار کی ہے تو اسے اس حقیقت کو قبول کرنا چاہئے اور غیر ضروری شکایات سے گریز کرنا چاہئے، بعض افراد دراصل اپنے پرانے طرزِ زندگی، سہولیات اور گھریلو نظام کو یاد کرتے ہیں جسے وہ وطن کی یاد کا نام دیتے ہیں حالانکہ یہ سوچ درست نہیں۔
صحیفہ جبار خٹک کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، کچھ لوگ انکی بات سے اتفاق کر رہے ہیں تو کچھ اسے سخت اور غیر ضروری تنقید قرار دے رہے ہیں۔


