امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کیساتھ ممکنہ امن معاہدہ کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کیساتھ امن معاہدہ قریب ہو سکتا ہے اور پیشرفت مثبت سمت میں جاری ہے جبکہ اسرائیل بھی اپنے حملے کم کر دیگا۔
میڈیا کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں جاری مذاکرات کے حوالے سے بہت پرامید ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ سفارتی کوششیں جلد نتائج دیں گی، خطے میں کشیدگی میں کمی متوقع ہے اور اسرائیل بھی اپنے حملے کم کریگا۔
انکا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت مذاکرات میں معقول رویہ اختیار کئے ہوئے ہے تاہم اگر معاہدہ نہ ہوا تو صورتحال بہت تکلیف دہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بینجمن نیتن یاہو نے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو میں لبنان پر حملوں میں کمی پر رضامندی ظاہر کی ہے،ایران کیساتھ بات چیت میں پیشرفت ہو رہی ہے اور دونوں جانب سنجیدگی دکھائی جا رہی ہے جو ممکنہ امن معاہدے کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کیلئے بھی ایک اہم پیشرفت ہوگی۔


