شین زین (شِنہوا) چائنہ جنرل نیوکلیئر پاور گروپ (سی جی این پی سی) نے اعلان کیا ہے کہ لاؤس میں ایک ہزار میگاواٹ کے شمسی توانائی منصوبے کو بجلی کے گرڈ سے منسلک کرکے فعال کردیا گیا ہے۔
شمسی توانائی کا یہ بڑا منصوبہ صوبہ اودومسائے میں واقع ہے اور توقع ہے کہ یہ منصوبہ سالانہ 1.65 ارب کلو واٹ آور بجلی پیدا کرے گا اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں تقریباً 13 لاکھ ٹن کی کمی کرے گا۔
لاؤس کے شمسی توانائی کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہونے کے ناطے پہاڑی علاقے میں واقع اس منصوبے نے روزگار کے تقریباً 3ہزار مواقع پیدا کئے جبکہ اس منصوبے نے مقامی بنیادی ڈھانچے میں بھی حصہ ڈالا، اس کے تحت سڑکوں کی مرمت کے علاوہ پانچ پلوں کو مضبوط بنایا گیا جس سے آس پاس کی برادریوں کو حقیقی اقتصادی اور سماجی فوائد حاصل ہوئے۔
صنعتی تعاون کے محاذ پر اس منصوبے نے چین اور لاؤس کی 70 سے زیادہ کمپنیوں کو اکٹھا کیا- جن میں لاؤس کی30 سے زیادہ کمپنیاں تعمیرات، خام تیل اور آلات کی فراہمی میں شامل رہیں۔
سی جی این پی سی نے لاؤس میں صاف توانائی پاور سٹینڈرڈز ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قیام میں بھی مدد فراہم کی اور تقریباً 100 مقامی انجینئروں کو تربیت دی۔ یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات جیسے حساس علاقوں میں تعمیر سے گریز، ماحولیاتی بحالی کے اقدامات پر عملدرآمد اور قدرتی مناظر کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت رہا۔
سی جی این پی سی کے چیئرمین یانگ چھانگ لی نے کہا کہ کمپنی لاؤس میں صاف توانائی کے منصوبوں کی ترقی کو تیز کرے گی اور ماحول دوست توانائی کے تعاون کے ذریعے مشترکہ مستقبل کی حامل چین-لاؤس برادری کو مضبوط بنانے میں حصہ لے گی۔


