تہران (شِنہوا) ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف اسلام آباد میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ مذاکرات کے لئے ٹیم کی قیادت کریں گے۔
ایرانی سٹوڈنٹس نیوز ایجنسی نے بدھ کے روز رپورٹ کیا ہے کہ یہ مذاکرات جمعہ کو ہوں گے جس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ ایران کا مجوزہ 10 نکاتی فریم ورک نہ صرف ایٹمی پروگرام بلکہ علاقائی سلامتی کا احاطہ بھی کرے گا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان ایرانی مذاکرات میں تقریباً 45 سال پرانی بنیادی اور ثانوی پابندیوں پر بھی بات کی جائے گی۔
منگل کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے 2 ہفتوں کی مدت کے لئے ایران پر بمباری اور حملے معطل کرنے پر اتفاق کیا ہے لیکن انہوں نے مزید کہا کہ ان کا یہ فیصلہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو مکمل، فوری اور محفوظ طور پر کھولنے سے مشروط ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے 2 ہفتوں کی جنگ بندی کے دوران ایرانی مسلح افواج کے ساتھ "رابطے” کے تحت آبنائے ہرمز سے محفوظ آمد و رفت کا وعدہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر ایران کے خلاف حملے روک دیئے گئے تو ایران بھی اپنی "دفاعی کارروائیاں” بند کر دے گا۔


