اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو علاج کیلئے شفا ہسپتال منتقل کرنے کی متفرق درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کردیا۔
منگل کواسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس خادم سومرو نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی پی ٹی آئی کی نجی ہسپتال میں علاج کی متفرق درخواست پر اعتراضات کیساتھ سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکلاء لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجا و دیگر پیش ہوئے۔
عدالت نے عمران خان کے علاج کی متفرق درخواست کو نمبر لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ مرکزی اپیل پر دلائل کیوں نہیں دیتے ہیں؟ جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم تو تیار ہیں، آپ ہماری اپیل لگا دیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ ہم آپ کی اپیل اور درخواست دونوں سن لیتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیل کی پیپر بک تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
لطیف کھوسہ نے درخواست بدھ کو ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعاء کی جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ پیپر بک تیار ہونے میں دو تین دن لگ جائیں گے، ہسپتال منتقلی کی درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کردیا ہے، مرکزی اپیل آئندہ ہفتے مقرر کر رہے ہیں، تیاری کیساتھ آیئے گا۔
بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس 10مارچ کو مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


