ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کی حکومت کے سیکرٹری خزانہ پال چھن نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی بیرونی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ہانگ کانگ کا مالیاتی نظام بدستور مستحکم اور مسلسل بہتری کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
اپنی بلاگ پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ میں بینکوں میں جمع شدہ مجموعی سرمایہ 190 کھرب ہانگ کانگ ڈالرز (تقریباً 24.3 کھرب امریکی ڈالرز) سے تجاوز کر گیا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ہانگ کانگ کی سٹاک مارکیٹ نے جنوری میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں اس ضمن میں حوالہ دیا کہ بینچ مارک ہینگ سینگ انڈیکس ماہانہ بنیادوں پر تقریباً 7 فیصد اضافے کے بعد جمعہ کو 27،387 پوائنٹس پر بند ہوا، اوسط یومیہ لین دین ایک سال پہلے کے مقابلے میں 90 فیصد اضافے کے بعد 272 ارب ہانگ کانگ ڈالرز سے تجاوز کر گیا۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال اور غیر متوقع اتار چڑھاؤ کے تناظر میں ہانگ کانگ کو نہ صرف اپنے مالیاتی نظام میں مضبوط حفاظتی اقدامات کو برقرار رکھنا چاہیے بلکہ ممکنہ دھچکوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مناسب مالیاتی وسائل کو بھی یقینی بنانا چاہیے۔
چھن نے کہا کہ عالمی سیاسی اور اقتصادی منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے اور آنے والے سال میں خطرات اور اتار چڑھاؤ متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ ملک کے 15 ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کے ساتھ ہم آہنگی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، مالیات کو بروئے کار لا کر تکنیکی جدت اور روایتی صنعتوں کو تقویت دے گا اور تکنیکی جدت اور صنعتی ترقی کے درمیان گہرے انضمام کو فروغ دے گا۔


