ہومپاکستانسرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے ادارہ جاتی و انتظامی سہولیات اولین ترجیح،...

سرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے ادارہ جاتی و انتظامی سہولیات اولین ترجیح، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے برآمدات کے شعبے کی ترویج کی تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے، انہوں نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کیلئے سفارشات طلب کرلیں۔

ذرائع کے مطابق نئے سال کے پہلے دن وزیراعظم کی زیر صدارت معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں میں جاری انتظامی، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، نیشنل کو آرڈی نیٹرز، ایس آئی ایف سی کے حکام اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزارتیں اپنے شعبوں سے متعلقہ بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے سفارشات جلد از جلد مرتب کریں، حکومت کی طرف سے پیش کردہ اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس کی پالیسی پر تمام وزارتوں کی طرف سے موثر عملدرآمد ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موثر معاشی اصلاحات اور مجموعی معاشی ترقی کیلئے تمام وزارتوں کی باہمی ہم آہنگی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا باہمی تعاون کلیدی کردار رکھتا ہے، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے متعلقہ وزارتیں دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے موثر تعاون کریں، سرمایہ کاری کیلئے پاکستانی سفارتخانوں میں سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات اور دیگر اہم معلومات کی ابتدائی آگاہی کو یقینی بنایا جائے، وزارتیں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے صنعتی پیداوار، زراعت اور دیگر تمام اہم شعبوں پر یکساں توجہ دیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں