شنگھائی(شِنہوا)شنگھائی میں قانون ساز حکام نے کروز معیشت کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے نئے ضوابط منظور کر لئے ہیں، جن کا مقصد شہر کی کروز صنعت میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے ایک مضبوط قانونی فریم ورک قائم کرنا ہے۔
شنگھائی بلدیہ عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے منظور کردہ 27 نکاتی ضوابط یکم مارچ 2026 سے نافذالعمل ہوں گے۔
ضوابط میں طے کئے گئے اہم اقدامات میں سے ایک کے تحت شنگھائی "بلا منزل کروز” کا آغاز کرے گا، جس کے تحت بین الاقوامی جہاز شنگھائی سے روانہ ہو کر منظور شدہ پانیوں میں سفر کریں گے اور کسی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوئے بغیر واپس شنگھائی ہی لوٹ آئیں گے۔
بندرگاہی خدمات اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے شنگھائی بجلی کے ساحلی نظام کی تنصیب اور اس کی بہتر ی میں تیزی لائے گا۔ ملکی بندرگاہوں سے چلنے والے کروز جہازوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ توانائی کے اس ذریعے کو استعمال کریں۔اس کے ساتھ شہر ماحول دوست ایندھن اور نئی توانائی کی ٹیکنالوجیز کو اختیار کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔
ضوابط میں بندرگاہ اور شہر کے انضمام کو فروغ دیتے ہوئے پوری کروز صنعتی چین کی مسابقت میں بہتری پر زور دیا گیا ہے، جن میں ساحلی علاقوں اور بندرگاہوں میں ثقافت، سیاحت، تجارت، کھیلوں اور نمائشی سرگرمیوں کو فروغ دینا شامل ہے۔
2006 سے 2025 تک شہر نے 3 ہزار 500 سے زائد کروز جہازوں اور ایک کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ مسافروں کا استقبال کیا، جو قومی کروز مارکیٹ کا 60 فیصد سے زائد بنتا ہے۔ شنگھائی اب ایشیا کی سب سے بڑی اور دنیا کی چوتھی مصروف ترین کروز ہوم پورٹ کا حامل شہر ہے۔


