اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہین عدالت درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے وکیل سلمان اکرم راجا کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا کہ عدالت کے تحریری حکم نامے کے باوجود گزشتہ منگل کو ملاقات نہیں کروائی گئی، ایس ایچ او اعزاز نے عدالتی حکم تسلیم نہیں کیا، اس لئے عدالت ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو ساتھ بھیجے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ عدالت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔
عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو سلمان اکرم راجا کی جیل ملاقات کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر سلمان اکرم راجا جیل میں ملاقات نہیں کر سکتے تو وہ ٹوئٹر ایکس کیس میں عدالت کی معاونت کیسے کریں گے؟۔
عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ملاقات کیوں نہیں ہوئی؟، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ وہ متعلقہ حکام کو دوبارہ آگاہ کر دیں گے۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ، جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔


