اسلام آباد: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11اپریل بروز جمعہ سے شروع ہوگی ۔افتتاحی میچ راولپنڈی میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق 6 ٹیموں کے مابین 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں لاہور کا قذافی سٹیڈیم 13 میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں دو ایلیمنیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔
آئندہ ایڈیشن میں ایک نمائشی میچ بھی ہوگا جو 8 اپریل کو پشاور میں کھیلا جائے گا۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم 13 مئی کو کوالیفائر 1 سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا۔کراچی کا نیشنل بینک سٹیڈیم اور ملتان کرکٹ سٹیڈیم پانچ پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔
رواں سال کے ٹورنامنٹ میں شائقین نہ صرف ہائی پروفائل بین الاقوامی کرکٹرز کو کھیلتا دیکھیں گے بلکہ چار بڑے شہروں کراچی، لاہور،ملتان اور راولپنڈی میں 34 زبردست میچز بھی دیکھیں گے۔ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 18 مئی کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلا جائے گا۔