چلی (لارڈ میڈیا): اسپیس ایکس کا 4 ٹن وزنی راکٹ چاند کی سطح سے ٹکرا گیا ہے۔ چلی کی ایک ٹیلی اسکوپ نے اس ٹکراؤ کے اثرات کو محفوظ کیا ہے۔ یورپین سدرن آبزرویٹری کی ویری لارج ٹیلی اسکوپ نے 5 اگست کو اس ٹکراؤ کا مشاہدہ کیا اور سوڈیم اور لیتھیم گیس کی رنگین لائنوں کو دیکھا۔ یہ گیسیں چاند پر موجود گرد کے بادلوں کے باعث تھیں۔
ای ایس او ٹیلی اسکوپ نے گیسوں کے کیمیائی فنگرپرنٹس کو ریکارڈ کیا جو 5 سے 10 منٹ تک برقرار رہے۔ یہ بادل درجنوں کلومیٹر کے حجم کے تھے۔ ماہرین کے مطابق اس ٹکراؤ سے مستقبل کے تجربات کے لیے کارآمد ڈیٹا ملے گا اور انسانی ساختہ خلائی کچرے کے نقصانات کا تجزیہ کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ ٹکراؤ چاند کے اس مقام پر ہوا جو سورج کی روشنی اور تاریک حصے کے درمیان سرحد تصور کیا جاتا ہے۔ گرد کے بادل کچھ وقت کے لیے سورج کی روشنی سے جگمگائے مگر زمین سے دیکھنا ناممکن تھا۔
راکٹ کا یہ ٹکڑا 5 منزل عمارت جتنا بلند تھا اور اس کا وزن 4 ٹن تھا۔ ناسا اور جنوبی کوریا کے پاتھ فائنڈر آربٹر ٹکراؤ والے مقام کی تصویریں کھینچنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ مزید تفصیلات مل سکیں۔
اسپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ کو جنوری 2025 میں لانچ کیا گیا تھا جو چاند کی جانب 2 لینڈرز لے کر گیا تھا اور اس کے بوسٹر زمین پر واپس آگئے تھے۔


