مظفرآباد (لارڈ میڈیا): آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے بعد کشیدگی بڑھ گئی۔ سٹی تھانہ ہٹیاں بالا میں بھی ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق، کشیدگی کا آغاز دیوان علی خان چغتائی کے آبائی گاؤں گوہر آباد میں ہوا جہاں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی نے پرتشدد تصادم کی صورت اختیار کرلی۔ بعد ازاں سٹی تھانہ ہٹیاں بالا میں جھگڑا دوبارہ شروع ہوگیا، جس میں تھانے کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد ضلع بھر سے پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی اور 20 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ تین گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔
پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی اور ایس پی جہلم ویلی نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے۔


