لاہور (لارڈ میڈیا) پاکستان کے معروف اداکار فواد خان ایک بار پھر اپنی نئی تصاویر کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ مداح ان کی بدلتی ہوئی شخصیت پر تبصرے کر رہے ہیں جبکہ بعض صارفین نے یہ قیاس آرائی بھی کی ہے کہ شاید اداکار نے کاسمیٹک ٹریٹمنٹ کروائے ہیں۔
فواد خان اس وقت اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ اداکارہ عائزہ خان مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں فواد خان ایک سیکیورٹی فورسز کے افسر کا کردار نبھا رہے ہیں، اور ان کے نئے ہیئر اسٹائل نے ان کی شخصیت میں واضح تبدیلی پیدا کی ہے۔
حال ہی میں سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں فواد خان کی نئی شکل نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں انہیں لاہور کے ایک معروف کاسمیٹک سرجن کے ساتھ بھی دیکھا گیا، جس نے افواہوں کو مزید تقویت دی کہ شاید انہوں نے جمالیاتی علاج کروایا ہے۔
اگرچہ فواد خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت نہیں آئی، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے مختلف انداز میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔ بعض مداحوں نے کہا کہ ان کے چہرے پر معمولی تبدیلیاں محسوس کی جا سکتی ہیں جن میں بوٹوکس یا فلرز شامل ہو سکتے ہیں، جبکہ کچھ نے اسے نئے ہیئر اسٹائل اور وزن میں کمی کا نتیجہ قرار دیا۔


