دبئی (لارڈ میڈیا): مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ شدت اختیار کر گئی ہے اور اس کے اثرات مصر، عراق اور بحیرہ احمر تک پھیل چکے ہیں۔ مصر کی دمیاطہ بندرگاہ پر دھماکے سنے گئے جہاں قدرتی گیس لوڈ کرنے والے علاقے میں ڈرون حملہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ایک امریکی ملکیت کے فلوٹنگ اسٹوریج ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، جس سے جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور بعد میں قریب موجود دوسرے جہاز تک پھیل گئی۔
برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی امبری کے مطابق دونوں جہازوں کے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا اور آگ پر قابو پا لیا گیا، تاہم اس حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔
امریکا اور سعودی عرب نے عراق میں ایران سے منسلک مسلح گروہوں کے ٹھکانوں پر مشترکہ فضائی حملے کیے ہیں۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ یہ کارروائی امریکی فوجیوں اور سعودی عرب کے تیل کے مراکز پر حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت فوجی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی مفادات پر حملے جاری رہے تو ایران کو سخت جواب دیا جائے گا۔


