ہوماہم تریندریائے چناب میں پانی کی سطح بلند، چنیوٹ میں نہر ٹوٹ گئی

دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند، چنیوٹ میں نہر ٹوٹ گئی

لاہور (لارڈ میڈیا): دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کے باعث تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے جبکہ چنیوٹ میں نہر میں 50 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے متعدد فصلیں زیر آب آگئیں۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد ایک لاکھ 48 ہزار 650 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 36 ہزار 50 کیوسک ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور متاثرہ علاقوں کے لیے چار فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں۔ چنیوٹ میں نہر کے شگاف سے کئی ایکڑ رقبے پر فصلیں متاثر ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کے سیلابی ریلے کے باعث نہر میں شگاف پڑا۔

اطلاع پر ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں اور نہر کے شگاف کو پر کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے سبب دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بہاؤ مستحکم رہا۔

دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ جبکہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے ہدایت کی کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور حکومت پنجاب کی جانب سے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتظامات مکمل ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں