تہران (لارڈ میڈیا) ایران نے بحرین اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات پر ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر ایندھن کے ذخائر، گوداموں اور فوجی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام نے بتایا کہ اردن کے الازرق ایئر بیس پر بھی طیاروں کے ہینگرز، مرمتی مراکز اور رہائشی تنصیبات پر حملے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قشم جزیرے پر پرواز کرنے والا امریکی طیارہ بھی مار گرایا گیا ہے اور اس کا ملبہ جلتا ہوا گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ایران نے صوبہ کرمان میں امریکی ٹوما ہاک میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ دوسری جانب ایران نے کویت میں امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے۔
کویتی وزارت خارجہ نے ایران کی جانب سے کویت کے العبدلی بارڈر پر ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے، اسے ریاستِ کویت کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کہا ہے۔ کویتی وزارت نے کہا کہ یہ حملے علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔


