ممبئی (لارڈ میڈیا): بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں طوفانی بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، گزشتہ روز ممبئی میں موسلا دھار بارش کے دوران شہر کے مختلف حصوں میں 12 گھنٹوں کے دوران تقریباً 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
سیلابی صورتحال کے باعث درختوں اور مکانات کو نقصان پہنچا، کئی سڑکیں دھنس گئیں اور ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ مسلسل بارشوں کے باعث تھانے، پالگھر، نوی ممبئی اور پونے کے خطے میں بھی معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، پونے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے اور رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں جبکہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) کے مطابق، شہر کے مشرقی مضافات میں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان اوسطاً 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مغربی مضافات میں 168 ملی میٹر اور جزیرہ نما شہر میں 129 ملی میٹر بارش ہوئی۔
میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ وکھرولی ویسٹ کے علاقے میں 12 گھنٹوں کے دوران 260 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پووائی، بھانڈوپ، مالاڈ، کاندیولی، جوگیشوری اور اندھیری میں 210 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔


