کراچی (لارڈ میڈیا) : کراچی میں رواں برس مختلف مقامات سے 200 افراد کی لاوارث لاشیں ملی ہیں جن میں 13 خواتین بھی شامل ہیں۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق یہ لاشیں سڑکوں، ندی کناروں، جھاڑیوں اور خالی مکانات سے برآمد ہوئیں۔ ان لاشوں کی شناخت اور موت کی وجہ تاحال نامعلوم ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن نے بتایا ہے کہ ماہ جولائی کے ابتدائی چار دنوں میں تین مردوں کی لاشیں ملی ہیں۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام مرد و خواتین کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور یہ سب لاشیں لاوارث حالت میں ملی ہیں۔
ایدھی حکام کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 31 مرد اور 2 خواتین، فروری میں 23 مرد اور ایک خاتون، مارچ میں 22 مرد اور 3 خواتین، اپریل میں 30 مرد، مئی میں 40 مرد اور جون میں 41 مرد اور 7 خواتین کی لاشیں لاوارث حالت میں برآمد ہوئیں۔ ان میں متعدد افراد نشے کے عادی بھی بتائے جاتے ہیں۔


