جہلم (لارڈ میڈیا) آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مہاجرین کی نشستوں پر بھرپور الیکشن مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی آبائی رہائش گاہ بدلوٹ میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینئر پارلیمنٹیرین طاہرہ اورنگزیب، مسلم لیگ (ن) ضلع راولپنڈی کے صدر ملک ابرار، سابق مئیر راولپنڈی سردار نسیم خان اور جہلم کے مرکزی رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقہ 39 جموں 6 کے امیدوار راجہ محمد صدیق اور حلقہ ایل اے 42 ویلی تین کے امیدوار شوکت علی شاہ نے بھی شرکت کی۔ سابق ارکان پنجاب اسمبلی مہر فیاض، چوہدری سعید، اور دیگر رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع جہلم میں انتخابی مہم کی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں انتخابی ذمہ داریوں کو مزید موثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پارٹی صدر محمد نواز شریف کی ہدایات کے تحت الیکشن کمپین بھرپور انداز میں چلائی جائے گی۔ دیگر رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کی کشمیر کاز کی مضبوطی کی یقین دہانی کرائی۔


