اسلام آباد (لارڈ میڈیا): صدر مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ افغان حکومت دہشتگردوں کی سرپرستی کرکے بھارت اور اسرائیل کو خوش کر رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی دہشت گردی سے متعلق ایکس پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے افغان طالبان پر سخت تنقید کی۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ غیر قانونی افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کو پاکستان کے بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہی ہے تاکہ نریندر مودی اور بنیامین نیتن یاہو کو خوش کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان یا تو سمجھتے ہیں کہ پاکستان کوئی کارروائی نہیں کرے گا، یا پھر انہیں یقین ہے کہ ان کے سرپرست ان کا تحفظ کریں گے۔ پاکستان دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو ان کے انجام تک پہنچائے گا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کرے گا اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔


