عالمی منڈی (لارڈ میڈیا): پیر کے روز عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ اس کی بڑی وجہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.7 فیصد کمی کے بعد 4,061.35 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 0.5 فیصد کمی کے ساتھ 4,076.40 ڈالر فی اونس پر آگئے۔ رواں سال یہ مسلسل چوتھا مہینہ ہے جب سونے کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق بلند شرح سود کی توقعات کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں کیونکہ ایسے حالات میں سونا دیگر سرمایہ کاری کے مقابلے میں کم پرکشش ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق اگر مستقبل میں مہنگائی میں کمی، امریکی ڈالر کی کمزوری اور عالمی معاشی حالات میں بہتری آتی ہے تو سونے کی قیمت دوبارہ بلند سطح پر جا سکتی ہے۔
دوسری جانب پیر کو تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ برینٹ کروڈ فیوچر 58 سینٹ یا 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 72.57 ڈالر فی بیرل ہو گیا جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت 88 سینٹ یا 1.3 فیصد اضافے کے ساتھ 70.11 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔


