نینسی (لارڈ میڈیا): فرانس کے شمال مشرقی شہر نینسی کے قریب ایک چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مقامی حکام کے مطابق طیارہ نینسی ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے کے بعد ٹومبلین قصبے میں گر کر تباہ ہوا۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار طیارے میں پائلٹ، 5 پیراشوٹرز اور عملے سمیت 11 افراد سوار تھے جو اسکائی ڈائیونگ سیشن میں حصہ لے رہے تھے۔
میورتھے موسیلے برانچ کے آرڈر آف انڈیپنڈنٹ نرسز کے سربراہ تھیر پیچے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اسکائی ڈائیونگ انسٹرکٹرز اور نرسز شامل ہیں جو ایونٹ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
فرانس کے وزیر داخلہ لورینٹ نونیز جائے حادثہ کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ مقامی حکام نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسز متحرک ہوگئی ہیں اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی سروسز کے لیے سہولت فراہم کریں اور جائے حادثے میں جمع ہونے سے گریز کریں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بلا رکاوٹ رسائی کرسکیں۔


