شہر (لارڈ میڈیا): ملک بھر میں آج یوم عاشور 10 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان امتیاز کی علامت ہے اور دنیا بھر میں ظلم اور بربریت کے خلاف اس کی مثال دی جاتی رہے گی۔ ملک کے تمام اہم شہروں میں شبیہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر ختم ہوگا۔ کوئٹہ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس شہداء چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوکر علمدار روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔
راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حفاظت علی شاہ تیلی محلہ سے برآمد ہوگا، جبکہ لاہور میں جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں میں عزاداروں کے لیے سبیلیں اور نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
فیصل آباد میں 10 محرم کا مرکزی جلوس عزاخانہ شبیر سے برآمد ہوگا اور ضلع بھر میں سینکڑوں مجالس اور جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملتان میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ہیرا حیدریہ سے برآمد ہوکر امام بارگاہ شاہ شمس تبریز پر اختتام پذیر ہوگا۔


