اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار قاہرہ روانہ ہوگئے جہاں وہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار آر فور گروپ کے چوتھے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ نائب وزیراعظم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ اسحاق ڈار مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے جس میں پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات اور دیگر اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔


