اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ سے روسی سفیر البرٹ خوریف نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران کھیلوں سے متعلق موجود مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بالخصوص فٹ بال کے شعبے میں تعاون کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ روس کے روایتی اور مقبول کھیلوں کے فروغ کے لیے تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے روس کو کھیلوں کے شعبے میں وسیع تجربہ اور مضبوط صلاحیتوں کا حامل ملک قرار دیا اور کہا کہ تعلیم، ثقافت، معیشت اور کھیل دونوں ممالک کو مزید قریب لا سکتے ہیں۔
روسی سفیر البرٹ خوریف نے کہا کہ روس میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


