بیجنگ (لارڈ میڈیا): چین نے ایک امریکی شہری من زن کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے، ان پر جاسوسی اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق، من زن کو کنمنگ کے ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے بتایا کہ من زن کو فوجداری حراست میں لیا گیا ہے۔ چین نے امریکی قونصل جنرل کو گوانگژو میں اس گرفتاری کی اطلاع فراہم کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، من زن کو دو ہفتے قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ من زن میانمار امور کے ماہر ہیں اور ایک تھنک ٹینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں۔ ان کی گرفتاری کے بعد امریکی محکمہ خارجہ اور متعلقہ ادارے کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا۔
من زن میانمار کی 1988 کی جمہوری تحریک میں بھی شامل رہے ہیں اور انہوں نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے سے تعلیم حاصل کی تھی۔ وہ اس تھنک ٹینک کے بانیوں میں شامل ہیں جو میانمار کی سیاسی صورتحال پر تحقیق کرتا ہے۔ چین نے حالیہ عرصے میں میانمار کی نئی حکومت کی حمایت کی ہے۔


