کولمبو (شِنہوا) سری لنکا کے محکمہ تجارت کے شعبہ فروغ تجارت کے سربراہ چریتا یاتوگوڈا نے کہا ہے کہ چین-جنوبی ایشیا نمائش جنوب-جنوب تجارتی تعاون کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے جو سری لنکا اور خطے کے دیگر ممالک کو ایک دوسرے کی منڈیوں کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے قیمتی مواقع فراہم کرے گا۔
چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کے دارالحکومت کونمنگ میں 10 ویں نمائش کا انعقاد 11 سے 16 جون تک ہوگا۔ سری لنکن وفد کی قیادت کرنے والے یاتوگوڈا نے شِنہوا کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں اس نمائش کے حوالے سے اپنی توقعات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال سری لنکا کی مختلف صنعتوں اور شعبوں کی نمائندگی کرنے والی 100 سے زائد کمپنیاں نمائش میں شرکت کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میں سے بعض کمپنیاں سری لنکا کے نمایاں کاروباری شعبوں زیورات، نامیاتی زراعت، چائے اور ملبوسات کی صنعت کی صف اول کی نمائندہ کمپنیاں ہیں۔
یاتوگوڈا نے بتایا کہ گزشتہ سال سری لنکا اس نمائش کا ’’موضوعی ملک‘‘ تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی شرکت کے بعد چین کو سری لنکا کی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں اس سال مزید مقامی کاروباری اداروں نے نمائش میں سٹال حاصل کرنے کے لئے درخواستیں دی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنک کے کاروباری ادارے اس نمائش کے ذریعے جنوبی ایشیا اور اس سے باہر کے دیگر ممالک اور خطوں میں بھی ترقی کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔
سری لنکن شرکاء کی دلچسپی کے شعبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے یاتوگوڈا نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خاص دلچسپی ہوئی کہ اس سال کی نمائش میں ماحول دوست اور قابل تجدید توانائی کے لئے ایک خصوصی پویلین قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی حکومت توانائی کے ڈھانچے کو زیادہ صاف اور ماحول دوست توانائی کی جانب منتقل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نمائش کے دوران ہم یقیناً اس شعبے میں چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے مواقع کا بغور جائزہ لیں گے۔
یاتوگوڈا کے مطابق ای کامرس ایک اور اہم شعبہ ہے جسے سری لنکن شرکاء دریافت کرنا چاہتے ہیں۔


