ممبئی (لارڈ میڈیا): بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی جانب سے بھیجے گئے لیگل نوٹس پر فلم ’کالاہرن‘ کے پروڈیوسر امیت جانی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے وہ نوٹس کیمرے کے سامنے پھاڑ دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں جاری کردہ فلم کے پوسٹر میں ایک شخص کو بندوق کے ساتھ دکھایا گیا ہے جبکہ اس کے ہاتھ میں سلمان خان سے منسوب بریسلٹ بھی موجود ہے۔ اس پوسٹر میں فلم کا ٹیزر 20 جون کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس صورتحال کے بعد سلمان خان نے فلم سازوں کو لیگل نوٹس بھیجا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ فلم کے تمام پوسٹرز اور تشہیری مواد فوری ہٹایا جائے۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ یہ فلم ان کے ایک پرانے کیس سے متاثر ہو سکتی ہے، جس سے ان کے شخصی حقوق اور ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
امیت جانی نے نوٹس کو دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد انہیں خوفزدہ کرنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں سلمان خان کے مداحوں اور ایک مبینہ ڈی کمپنی کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی موصول ہو رہی ہیں۔
ویڈیو بیان میں امیت جانی نے کیمرے کے سامنے سلمان خان کا لیگل نوٹس پھاڑ دیا اور کہا کہ ’’یہ رہا آپ کے نوٹس کا جواب‘‘۔
واضح رہے کہ 1998 میں سلمان خان پر نایاب کالے ہرن کے شکار کا الزام لگا تھا، جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج تھا۔ اسے بعد میں ضمانت ملی، لیکن کیس تاحال زیرِ سماعت ہے۔


