کراچی (لارڈ میڈیا): ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ازبکستان جانے والے دو مسافروں کو جعلی پروٹیکٹر اسٹیمپس کی نشاندہی کے بعد آف لوڈ کر دیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، مسافروں کی شناخت مہتاب جان اور محمد حسین علی کے نام سے ہوئی جو بزنس اور ورک ویزوں پر سفر کر رہے تھے۔ جانچ کے دوران پتہ چلا کہ انہیں پہلے بھی پروٹیکٹر نہ ہونے پر 13 اپریل 2026 کو آف لوڈ کیا گیا تھا۔
مزید تفتیش میں دونوں پاسپورٹس کے صفحہ نمبر 35 پر موجود پروٹیکٹر اسٹیمپس مشکوک اور جعلی پائے گئے جن کی سرکاری ریکارڈ سے تصدیق نہ ہو سکی۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافروں نے بتایا کہ لاہور کے رہائشی ایجنٹ امیر نے غیر قانونی ذرائع سے ویزوں اور پروٹیکٹر انڈورسمنٹ کا انتظام کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق، دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


