بیجنگ (شِنہوا) چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے منگل کے روز بیجنگ میں برطانیہ کی وزیر خارجہ یویٹ کوپر سے ملاقات کی۔
ہان ژینگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے جنوری میں اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ چین اور برطانیہ کے درمیان ایک طویل المدتی اور مستقل جامع تزویراتی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا، جس سے دوطرفہ تعلقات میں ایک نیا باب کھلے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات میں بہتری دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہے۔ دونوں فریقوں کو چاہیے کہ بڑی طاقتوں کی ذمہ داریوں کو مشترکہ طور پر ادا کریں، تزویراتی رابطے مضبوط بنائیں، دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار کو مستحکم کریں، نئے مواقع تلاش کریں اور عوامی روابط کو فروغ دیں۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں فریق حقیقی کثیرجہتی نظام پر عمل کریں، عالمی نظم ونسق میں اصلاحات کو آگے بڑھائیں اور دنیا میں زیادہ استحکام اور اعتماد پیدا کریں۔
اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ یویٹ کوپر نے کہا کہ برطانیہ اور چین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، ماحول دوست ترقی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں وسیع مشترکہ مفادات اور تعاون کے امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ چین کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کے لئے تیار ہے اور تعمیری مذاکرات و تعاون کے ذریعے مشترکہ مسائل سے نمٹنے کا خواہاں ہے۔


