اوٹاوا (شِنہوا) کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنے اور کینیڈا کے دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور کثیرجہتی نظام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مارک کارنے نے کہا کہ کینیڈا چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط کو برقرار رکھنے، توانائی، مالیات، زراعت اور ماہی گیری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ تعلقات کی بنیاد کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔
کارنے نے کہا کہ کینیڈا ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اپیک) کے اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس کی میزبانی کے لئے چین کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوٹاوا بیجنگ کے ساتھ مل کر کثیرجہتی نظام کے فروغ اور اس پر عملدرآمد کے لئے تیار ہے تاکہ عالمی اقتصادی ترقی، امن اور استحکام میں مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ حقائق نے ثابت کیا ہے کہ چین اور کینیڈا کے درمیان بہتر تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں، تمام فریقوں کی توقعات کے مطابق ہیں اور کینیڈا کے لئے درست انتخاب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وانگ یی نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے بنیادی مفادات میں کوئی تصادم موجود نہیں اور باہمی تعاون کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وانگ نے کہا کہ دونوں فریقوں کو کثیرجہتی نظام، بین الاقوامی قانون کی حکمرانی اور تزویراتی خودمختاری کی حمایت کرنی چاہیے جبکہ آزاد تجارت اور کھلی عالمی معیشت کے فروغ کے لئے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔


