بیجنگ (شِنہوا) روسی صدر ولادیمیر پوتن منگل کی شب چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔
چینی صدر شی جن پھنگ کی دعوت پر پوتن 19 سے 20 مئی تک چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ یہ پوتن کا چین کا 25 واں دورہ ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں صدور دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
رواں سال چین-روس تزویراتی شراکت داری کے قیام کی 30ویں اور چین-روس ہمسائیگی و دوستانہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کی 25ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دونوں فریق اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چین اور روس کے تعلقات کو مزید گہرے اور بلند سطح پر لے جائیں گے تاکہ دنیا میں مزید استحکام اور مثبت توانائی پیدا کی جا سکے۔


