ہومتازہ ترینقاہرہ میں”شی جن پھنگ کی قیادت میں چین کی حکمرانی“ کے عنوان...

قاہرہ میں”شی جن پھنگ کی قیادت میں چین کی حکمرانی“ کے عنوان پر کتاب کےعربی ایڈیشن کی  تقریب رونمائی

صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں چین کی حکمرانی پر مبنی کتاب”شی جن پھنگ کی قیادت میں چین کی حکمرانی“ کی پہلی جلد کے عربی ایڈیشن کی عالمی رونمائی بدھ کے روز قاہرہ میں منعقد ہوئی۔

شِنہوا نیوز ایجنسی کے صدر فُو ہوا، مصر کے سابق وزیراعظم عصام شرف، مصر میں چین کے سفیر لیاؤ لی چیانگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے خبر رساں اداروں کی یونین کے ڈائریکٹر جنرل محمد بن عبدربو الیامی نے مشترکہ طور پر نئی کتاب کی رونمائی کی۔

عالمی رونمائی کی تقریب دو روزہ “گلوبل ساؤتھ میڈیا اینڈ تھنک ٹینک فورم چائنیز عرب پارٹنرشپ کانفرنس” کا حصہ تھی۔ یہ کانفرنس منگل کے روز شروع ہوئی تھی جس میں چین،عرب ممالک سے تقریباً 110 میڈیا ہاؤسز، تھنک ٹینکس، حکومتی اداروں اور کاروباری کمپنیوں کے لگ بھگ 250 نمائندوں نے شرکت کی جبکہ عالمی و علاقائی تنظیموں کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فُو ہوا نے کہا کہ نئے دور کے آغاز سے ہی شِنہوا نے شی کی قیادت میں چین کے نظامِ حکمرانی کے غیر معمولی اقدامات اور نمایاں کامیابیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہی رپورٹس کی بنیاد پر شِنہوا نے”شی جن پھنگ کی قیادت میں چین کی حکمرانی“ کے عنوان سے یہ کتاب مرتب کر کے شائع کی ہے تاکہ دنیا کو چین کے نظامِ حکمرانی اور اس کے پسِ منظر میں موجود فلسفے سے متعارف کرایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عربی ایڈیشن کی اشاعت عرب دنیا کے لئےچین کو قریب سے دیکھنے اور بہتر انداز میں سمجھنے کا ایک اہم اور نیا دروازہ کھولے گی۔

فُو ہوا نے کہا کہ شِنہوا عرب دنیا کے میڈیا اداروں اور تھنک ٹینکس کے ساتھ ریاستی حکمرانی سے متعلق اہم امور پر تحقیق، تشریح اور مؤثر انداز میں پیشکش کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ قومی ترقی اور ریاستی تعمیر کے تجربات اور خیالات کا تبادلہ کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی جنوب میں اتحاد، تعاون اور مشترکہ ترقی کے لئے مزید فہم و فراست اور توانائی فراہم کی جا سکے۔

تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ عربی ایڈیشن کی رونمائی نے عرب دنیا کے لئے ایک اہم حوالہ فراہم کیا ہے جس کے ذریعے وہ شی جن پھنگ کے نظامِ حکمرانی سے متعلق افکار اور نئے دور میں چین کی ترقیاتی کامیابیوں کو مزید گہرائی سے سمجھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام چین اور عرب ممالک کے درمیان باہمی تفہیم اور اعتماد کو مزید مضبوط جبکہ حکمرانی کے تجربات کے تبادلے میں مزید گہرائی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مشترکہ مستقبل کی حامل چین عرب برادری کی اعلیٰ سطح پر تعمیر کے لئے وسیع تر اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور اسے مزید مضبوط رفتار دینے میں بھی مدد ملے گی۔

تقریب میں شِنہوا نے ”نئے دور میں چین عرب تعاون کی کامیابیاں، مواقع اور امکانات“ کے عنوان سے ایک تھنک ٹینک رپورٹ بھی جاری کی۔ اس کے علاوہ ”عالمی جنوب کی مقبول اصطلاحات کی وضاحت“ کے نام سے ایک اور اشاعت بھی پیش کی گئی۔

قاہرہ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں