شنگھائی (شِنہوا) اپیک چائنہ 2026 کے سینئر عہدیداروں کا دوسرا اجلاس (ایس او ایم 2) پیر سے منگل تک شنگھائی میں منعقد ہوا۔
چینی نائب وزیر خارجہ ما ژاؤ شو نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اس سال کے اپیک اجلاس کے موضوع ”ایک ساتھ خوشحال ایشیا-بحرالکاہل کمیونٹی کی تعمیر“ پر توجہ مرکوز کرے گا اور اپیک رہنماؤں کے شین زین اعلامیے کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ایشیا-بحرالکاہل کمیونٹی کے اہداف کے حصول کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین کا جنوبی شہر شین زین نومبر 2026 میں اپیک اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
ما ژاؤ شو کے مطابق چین اپیک اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس کے نتائج کی تیاری میں تجارت، رابطہ کاری، اختراع اور ترقی کے 4 ستونوں پر زور دے گا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس سال کے آغاز سے اپیک تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا، چین کی میزبانی کی تعریف کی اور اپیک ”چائنہ ایئر“ کو مشترکہ طور پر کامیاب بنانے کے لئے نتائج حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایس او ایم 2 سے قبل مختلف کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس نے 11 سے 17 مئی تک تقریباً 40 اجلاس منعقد کئے جن میں تجارت و سرمایہ کاری، اقتصادی و تکنیکی تعاون، خواتین، ٹیلی کمیونیکیشن اور غذائی تحفظ جیسے شعبے شامل تھے۔
اجلاس میں اپیک رکن معیشتوں، اپیک سیکرٹریٹ اور مبصرین کے ایک ہزار سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔


