بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بدھ کے روز چین اور روس کے درمیان ہمسائیگی اور دوستانہ تعاون کے معاہدے میں مزید توسیع پر اتفاق کیا ہے۔
شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں صدر پوتن کے ساتھ مذاکرات کئے۔
شی نے کہا کہ چین اور روس نے 25 سال قبل اس معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کے ذریعے طویل المدتی ہمسائیگی، دوستی اور جامع تزویراتی تعاون کی ادارہ جاتی بنیاد کو قانونی شکل دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات نے غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ آج عالمی صورتحال میں گہرے تغیرات رونما ہو رہے ہیں اور دنیا دوبارہ جنگل کے قانون کی طرف لوٹنے کے خطرے سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پس منظر میں چین اور روس کے درمیان ہمسائیگی اور دوستانہ تعاون کے معاہدے نے اپنی پیش رفت، سائنسی اہمیت اور موجودہ دور سے مطابقت کو مزید ثابت کیا ہے۔
شی نے کہا کہ چین اس معاہدے میں مزید توسیع کی حمایت کرتا ہے اور روس کے ساتھ مل کر معاہدے کی روح کو برقرار رکھتے ہوئے چین اور روس کے درمیان قریبی تزویراتی تعاون کو مضبوطی سے آگے بڑھائے گا۔


