بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز بیجنگ میں “نمایاں سفارتکار میڈل” عطا کرنے کی پہلی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں چین میں تعینات ان غیر ملکی سفارتی نمائندوں کو اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے چین اور دیگر ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ یی نے اعزاز حاصل کرنے والے 8 سفارتکاروں یا ان کے نمائندوں کو تمغے پیش کئے۔
تمغہ حاصل کرنے والوں میں روس، کمبوڈیا، چاڈ اور یوراگوئے کے سابق سفیر جبکہ پاکستان، قازقستان، سعودی عرب اور کولمبیا کے موجودہ سفیر شامل ہیں۔
وانگ یی نے اعزاز پانے والے سفارتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “سفارتی نمائندے ممالک کے درمیان دوستانہ تبادلوں کا پل ہوتے ہیں۔ تمام اعزاز یافتگان ہمارے اچھے دوست ہیں اور چین کے بارے میں گہری سمجھ رکھتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ یہ سفارتی نمائندے دوطرفہ تعلقات کے معمار، چین کو سمجھنے میں پیش پیش، عوامی روابط کے فروغ کے علمبردار اور باہمی فائدے کے لئے خدمات انجام دینے والے افراد ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سفارتی نمائندے آئندہ بھی چین اور دیگر ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
تمغہ حاصل کرنے والے سفیروں نے چینی حکومت کی جانب سے اس اعزاز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ دوطرفہ تعلقات کی اعلیٰ سطح کی بھی توثیق ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس اعزاز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے چین کے ساتھ دوستی کو مزید مضبوط بنانے، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے، عوامی روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کے مزید روشن امکانات پیدا کرنے کے لئے کام جاری رکھیں گے۔
تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں، چین میں قائم بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں اور چینی حکام سمیت تقریباً 300 افراد نے شرکت کی۔


