چینی کمپنیوں نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقدہ اسمارٹ انرجی 2026 میں شرکا کی بھرپور دلچسپی حاصل کی۔ چینی کمپنیوں نے اس موقع پر شمسی توانائی پیدا کرنے والے پینلز، توانائی ذخیرہ کرنے والی بیٹریاں اور اسمارٹ انرجی مینجمنٹ سسٹمز نمائش کے لئے پیش کئے۔
بدھ کے روز سڈنی میں شروع ہونے والے اس دو روزہ ایونٹ میں 12 ہزار سے زائد مندوبین اور 130 سے زیادہ نمائش کنندگان شریک ہوئے۔ نمائش کا مقصد شمسی توانائی، توانائی ذخیرہ کرنے، بجلی کے جدید نظام اور اسمارٹ انرجی حل میں تازہ ترین پیش رفت کو اجاگر کرنا تھا۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (چینی): وانگ تونگ ژو، ریجنل جنرل منیجر اوشیانیا، جنکو سولر
”ہم نے کئی سال پہلے جنکو انرجی اسٹوریج سسٹم تیار کرنا شروع کر دیا تھا۔ یہ نظام ہم نے اپنے طور پر تیار کیا۔ ہماری کوشش ہے کہ شمسی توانائی اور توانائی ذخیرہ کرنے کا ایک مربوط حل فراہم کیا جائے تاکہ حالات کے مطابق صارفین کی توانائی کی ضروریات پوری ہو سکیں۔ چین کی ایک کمپنی کے طور پر ہمیں لاگت کے مؤثر انتظام اور رسد کے مجموعی نظام کے حوالے سے عالمی سطح پر واضح برتری حاصل ہے۔ شمسی توانائی کو بجلی میں تبدیل کرنے کی ٹیکنالوجی اب چین کی صنعتی پیداوار کی پہچان بن گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہمیں بیرون ملک منڈیوں میں بھی وسیع تجربہ حاصل ہے۔“
ساؤنڈ بائٹ 2 (چینی): چن یون شوئے، ٹیکنیکل سروس منیجر، سوفار سولر
”خاص طور پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ صارفین کو یہ سہولت دی جائے کہ وہ اپنے گھروں میں ہماری سولر مصنوعات استعمال کر سکیں۔ توانائی ذخیرہ کرنے کے ہمارے گھریلو نظام صارفین کو مشکل حالات سے نکلنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس سے آسٹریلیا کے مقامی خاندان نہ صرف توانائی اور قابلِ تجدید توانائی کا بہتر استعمال کر سکتے ہیں بلکہ انہیں اپنے اخراجات کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔“
اسمارٹ انرجی کونسل کے چیف ایگزیکٹو جان گریمز نے بتایا کہ آسٹریلیا اور چین اسمارٹ انرجی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سےایک دوسرے کے لئے مضبوطی کا باعث ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی تعاون مزید مضبوط ہوگا جس سے مقامی سطح پر پیداواری صلاحیت بڑھے گی اور صاف توانائی کے منصوبوں پر عملدرآمد میں بھی تیزی آئے گی۔
سڈنی، آسٹریلیا سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


