ہدایتکار و پروڈیوسر سید نور نے ٹک ٹاکر جنت مرزا کو فلم میں کاسٹ کرنے کو بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم پر بے حد محنت کے باوجود ناظرین سینماء گھروں تک نہیں پہنچے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں سید نور نے کہا کہ جنت مرزا کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کا فیصلے تباہ کن تجربہ تھا جو کامیاب نہیں ہوسکا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں فلمی ستاروں کی اپنی ایک مخصوص آڈینس ہوا کرتی تھی، لوگ پسندیدہ اداکاروں کی نئی فلموں کا بے چینی سے انتظار کرتے تھے، مگر اب حالات بدل چکے ہیں، بقول موجودہ دور میں صرف شہرت یا سوشل میڈیا فالوونگ کسی فلم کی کامیابی کی ضمانت نہیں رہی۔
انہوں نے کہاکہ فلم پر بے حد محنت کی گئی لیکن اس کے باوجود ناظرین سینما گھروں تک نہیں پہنچے، عوام کا تاثر تھا کہ جنت مرزا تو پہلے ہی روزانہ سوشل میڈیا پر دستیاب ہیں، لہٰذا انہیں بڑی سکرین پر دیکھنے کیلئے سینما جانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔


