چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ معرکہ حق سے واضح ہوگیا پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی و آئینی وقار کا تحفظ کا عزم رکھتا ہے، دعاء ہے اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے، قوم کو اتحاد و استقامت کیساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا کرے۔
یوم معرکہ حق پر جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 10مئی کا دن پاکستانی تاریخ کا فیصلہ کن لمحہ تھا جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ ریاست پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور آئینی وقار کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مکمل عزم رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق محض عسکری کامیابی نہیں، پوری قوم کے اتحاد، ایمان اور غیر متزلزل عزم کا عملی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کی جارحیت کا نہایت پیشہ ورانہ، موثر اور بھرپور جواب دے کر یہ ثابت کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے دفاع کیلئے ہر لمحہ تیار ہے۔
انہوں نے وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں قوم کیلئے باعث فخر ہیں اور اہل خانہ کا صبر و حوصلہ قابل تحسین ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے سول و عسکری قیادت اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی قوم، بالخصوص نوجوانوں، میڈیا، سفارتی محاذ پر سرگرم افراد، سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی قومی بیانئے کو مضبوط بنانے اور دفاع کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ قومی یکجہتی ہی ہماری اصل طاقت ہے، سیاسی قیادت کا متفقہ موقف، عسکری قیادت کی بصیرت اور عوام کا غیر متزلزل اعتماد وہ قوت ہے جس نے ہر چیلنج کا مقابلہ ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو امن کو ترجیح دیتی ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئیں اس موقع پر تجدید عہد کریں کہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور باوقار ریاست بنانے کیلئے متحد ہو کر کام کریں گے اور شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، دعاء ہے اللہ تعالی پاکستان کی حفاظت فرمائے، قوم کو اتحاد و استقامت کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا کرے۔


