وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مہاجر پرندوں کی حفاظت کیلئے قدرتی ماحول کا تحفظ ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوبصورت و دلکش مہاجر پرندے قدرت کا انمول و بے مثال عطیہ، دور دراز علاقوں سے آ کر فطرت کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔
مہاجر پرندوں کے عالمی دن کے پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ مہاجر پرندے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے اور زمین کی زرخیزی میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہاجر پرندوں سمیت قدرتی حیاتیاتی اثاثوں کے تحفظ کیلئے پنجاب میں وائلڈ لائف فورس سرگرم عمل ہے جبکہ پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مہاجر پرندوں کے محفوظ مسکن، جنگلات کے تحفظ اور جنگلی حیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ماحول دوست، موثر اور دیرپا اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرندے فطرت کا حسین ورثہ ہیں اور ان کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، عوام ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے مہاجر پرندوں اور دیگر جنگلی حیات کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کریں۔


