وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، معرکہ حق میں پاکستان نے عسکری، سفارتی و بیانیہ محاذ پر کامیابی حاصل کی، دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی پسپائی اختیار، سیز فائر کیلئے خود رابطہ کرنا پڑا۔
پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے، میرا پریس ایسوسی ایشن کیساتھ دیرینہ تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران قومی اسمبلی میں واضح کیا تھا کہ پوری قوم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر دشمن کے مقابل متحد ہے، کیونکہ کامیابی ہمیشہ اتحاد و اتفاق سے ہی حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر منفرد کامیابی عطاء کی جبکہ بھارت کے بڑے بڑے دعوے چند گھنٹوں میں ہی بے بنیاد ثابت ہو ئے اور غرور خاک میں مل گیا، پاک فضائیہ اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی پسپائی اختیار کرنا پڑی اور سیز فائر کیلئے خود رابطہ کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں وزیراعظم شہباز شریف کے وژن اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کی تیاری بھی قابل تحسین رہی۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بیانیہ کی جنگ میں پاکستانی میڈیا، صحافیوں، سوشل میڈیا صارفین اور نوجوانوں نے بھرپور کردار ادا کیا اور دنیا نے پاکستان کے ذمہ دار اور بالغ نظر میڈیا کو سراہا جبکہ بھارت کی جانب سے بے بنیاد دعوے کیے گئے، تاہم حقیقت سامنے آنے پر وہ عالمی سطح پر بے نقاب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ بھارت خود دہشت گردی کے معاملے پر دوہرے معیار کا مظاہرہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے جسے بھارت داخلی معاملہ قرار دینے کی کوشش کرتا ہے، تاہم حقیقت دنیا کے سامنے واضح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فواج پاکستان ہر وقت مکمل طور پر تیار اور مستعد ہیں، کسی بھی جارحیت کا پہلے سے زیادہ شدید اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔


