رویت ہلال ریسرچ کونسل نے عیدالاضحی 27مئی کو ہونے کی پیشگوئی کردی۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 16 اور 17 مئی کی درمیانی رات پاکستانی وقت کے مطابق 1بج کر 1منٹ پر پیدا ہوگا، اگر موسم صاف رہا تو پاکستان میں ذی الحجہ 1447ء ہجری کا چاند اتوار 17مئی 2026ء کی شام دیکھا جا سکے گا جس کے بعد یکم ذی الحجہ 18 مئی (پیر) کو ہوگی جبکہ عیدالاضحی 27مئی (بدھ) کو منائے جانے کا امکان ہے۔
خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ 17مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18گھنٹے سے کچھ زیادہ ہوگی، جو رویت ہلال کے لئے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ کراچی میں تقریبا 55منٹ جبکہ پشاور میں 63منٹ ہوگا، اس لئے ملک کے جن علاقوں میں مطلع صاف ہوا وہاں ننگی آنکھ سے چاند دیکھے جانے کا امکان موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر 17مئی کی شام ملک بھر میں بادل ہوئے اور چاند نظر نہ آ سکا تو ذی القعدہ کے 30دن مکمل کئے جائیں گے اور پھر یکم ذی الحجہ 19مئی (منگل) کو ہوگی۔


