فیفا نے ورلڈ کپ 2026کیلئے یلو کارڈز سے متعلق قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے تاکہ اہم ناک آئوٹ میچز میں زیادہ سے زیادہ کھلاڑی دستیاب رہ سکیں۔
نئے ضوابط کے تحت کھلاڑیوں کا ڈسپلنری ریکارڈ ٹورنامنٹ کے دوران دو مرتبہ صاف کیا جائیگا جس سے معطلی کے امکانات کم ہو جائینگے۔فیفا کے مطابق گروپ مرحلے کے اختتام پر تمام کھلاڑیوں کے سنگل یلو کارڈ ختم کر دئیے جائینگے تاکہ وہ ناک آٹ مرحلے کا آغاز بغیر کسی دبائو کے کر سکیں، اسکے بعد ایک اور ایمنسٹی کوارٹر فائنلز کے بعد دی جائیگی جس کا مطلب ہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے کھلاڑی بھی ایک یلو کارڈ کے خطرے سے آزاد ہو جائینگے۔
اس سے قبل یلو کارڈز کو کوارٹر فائنل کے بعد ختم کیا جاتا تھا تاکہ کوئی کھلاڑی سیمی فائنل میں کارڈ لینے کی وجہ سے فائنل سے محروم نہ ہو تاہم نئے 48ٹیموں پر مشتمل فارمیٹ اور اضافی ناک آئوٹ رائونڈ کے باعث قوانین میں مزید نرمی کی گئی ہے، فیفا نے مالی مراعات میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تمام شریک 48 ٹیموں کیلئے مجموعی فنڈ 15فیصد بڑھا کر 871ملین ڈالر کر دیا گیا ہے۔


