وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی خدمت اور خطرات سے بچا کیلئے اقدامات تمام اداروں کا فرض ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں مون سون کی پیشگی تیاری اور ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے گلوف سے بچاؤ کیلئے گلگت بلتستان میں پیشگی وارننگ سسٹم کے فعال نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سسٹم کی غیرفعالیت اور متعلقہ اداروں کی غیر موثر کارکردگی پر انکوائری کا حکم دیا، وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی نااہلی اور کارکردگی میں کمی کسی طور برداشت نہیں کی جائیگی، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے اسلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی متعلقہ ادارے صوبوں کیساتھ مکمل تعاون کریں، پالیسی کے نفاذ میں درپیش تمام رکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مون سون میں دریاں کی گزرگاہوں اور سیلاب کے ممکنہ راستوں پر تجاوزات تباہی کا باعث بنیں، رواں سال اس مسئلہ کے حل کیلئے پیشگی موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے، مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے تمام ادارے استعداد کار بڑھائیں، تمام متعلقہ ادارے عوام کی سہولت کیلئے وسائل سے بڑھ کر کام کریں، پیشگی وارننگ سسٹم کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے ضروری انفرااسٹرکچر اور فعالیت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے، موسمیاتی تبدیلی اور منصوبہ بندی کی وزارتیں اور دیگر متعلقہ ادارے صوبوں کے تعاون سے موثر اقدامات کریں۔


