پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے رواں سیزن میں نوجوان کھلاڑی علی رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب کو حیران کر دیا ہے۔
پشاور زلمی کی نمائندگی کرنیوالے 18سالہ فاسٹ باؤلر علی رضا نے کراچی کنگز کیخلاف آخری اوور میں ہیٹ ٹرک کر کے تاریخ رقم کر دی اور 18سال اور 35دن کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے کم عمر ترین پاکستانی باؤلر بن گئے ہیں، یہ لمحہ اسلئے بھی خاص تھاکہ میچ کا فیصلہ کن اور شدید دباؤ والا آخری اوور تھا جس میں صورتحال انتہائی سنسنی خیز تھی لیکن علی رضا نے حوصلہ برقرار رکھا، پہلی وکٹ خوشدل شاہ کی گری جو یارکر کھیلنے کی کوشش میں ہٹ وکٹ ہوگئے، اگلی گیند پر شاہد عزیز بھی شاندار یارکر کا سامنا نہ کر سکے اور بولڈ ہو گئے، ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کیلئے علی رضا نے مزید تیز گیند کروائی جو 149.1 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تھی اور اس پر حسن علی کلین بولڈ ہوگئے۔
علی رضا نے میچ میں مجموعی طور پر 41رنز کے عوض 4وکٹیں حاصل کیں جس میں ڈیوڈ وارنر کی وکٹ بھی شامل تھی۔


