پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم سائیکو کی شوٹنگ کے دوران ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔
میڈیا کے مطابق اداکارہ میرا نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے فلمی کیریئر اور ذاتی زندگی کے بارے میں بات کی اور علاج کیلئے امریکا کے نفسیاتی ہسپتال میں داخل ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہے، حقیقت یہ ہے کہ فلم سائیکو میں اپنے کردار کی شدید نوعیت کی وجہ سے میری ذہنی صحت متاثر ہوئی تھی۔
اداکارہ میرا نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے پہلے مرحلے کے دوران میرے کردار نے میری ذہنی صحت پر اثر ڈالا، جس کی وجہ سے مجھے ڈپریشن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کردار سے باہر آنے اور اپنا ذہنی توازن بحال کرنے کیلئے کافی محنت کرنا پڑی اور ایسا پہلی بار ہوا تھا کہ میں واقعی کسی کردار میں اتنی گہرائی سے ڈوب رہی تھی۔
اداکارہ میرا نے شان شاہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھے ہدایت کار ہیں، انہوں نے مجھے یہ سکھایا کہ کسی کردار میں خود کو مکمل طور پر کیسے ڈھالا جائے۔
واضح رہے کہ فلم سائیکو کے اس سال عیدالاضحی کے موقع پر ریلیز ہونے کا امکان ہے، فلم کی کاسٹ میں جاوید شیخ، سونیا حسین، نیئر اعجاز اور شبیر جان بھی شامل ہیں۔


