گوانگ ژو (شِنہوا) چین کے 139 ویں درآمدی اور برآمدی میلے، جسے کینٹن میلہ بھی کہا جاتا ہے، کا پہلا مرحلہ ریکارڈ تعداد میں غیر ملکی خریداروں کی شرکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
چائنہ فارن ٹریڈ سنٹر کے مطابق اتوار کو شام 5 بجے تک 216 ممالک اور خطوں سے تقریباً ایک لاکھ 67 ہزار غیر ملکی خریداروں نے آف لائن نمائش میں شرکت کی جو گزشتہ ایڈیشن کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5.9 فیصد زیادہ ہے۔
بیان کے مطابق شرکت کی یہ تعداد میلے کے کسی بھی پہلے مرحلے کے لئے اب تک کی بلند ترین سطح ہے، جو چین کی بیرونی تجارت کی مضبوطی اور فعالیت کو ظاہر کرتی ہے۔ میلے کے پہلے مرحلے کا موضوع "مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا” تھا جس میں 25 ہزار سے زائد سٹالز اور 12 ہزار سے زیادہ نمائش کنندگان شامل تھے۔
اس سال کا میلہ چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر گوانگ ژو میں 3 آف لائن مراحل میں منعقد کیا جا رہا ہے اور یہ 5 مئی تک جاری رہے گا۔ دوسرا مرحلہ 23 سے 27 اپریل تک ہوگا جس کا موضوع "معیاری گھریلو زندگی” ہے جس میں تعمیراتی سامان، فرنیچر، گھریلو مصنوعات، تحائف اور آرائشی اشیاء شامل ہوں گی۔
1957 میں قائم ہونے والا کینٹن فیئر ہر سال 2 مرتبہ گوانگ ژو میں منعقد ہوتا ہے۔ یہ چین کے کئی جامع بین الاقوامی تجارتی میلوں میں سب سے طویل عرصے سے جاری رہنے والا میلہ ہے اور اسے چین کی بیرونی تجارت کا بیرومیٹر قرار دیا جاتا ہے۔


