وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران معاشی شرح نمو تقریبا 4 فیصد رہنے کی توقع ہے، مشرق وسطی کشیدگی کے باعث توانائی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو پاکستان نے موثر انداز میں سنبھالا۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت مہنگائی کا دبائو کم کرنے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کر رہی ہے، ٹرانسپورٹ، زراعت اور کم آمدنی والے طبقے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت عالمی دبائو کے باوجود مستحکم ہے، ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ کرنٹ اکائونٹ سرپلس بھی حاصل ہوا ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران معاشی شرح نمو تقریبا 4 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی اور زرعی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے قابل تجدید توانائی اور جدید ٹیکنالوجی پر توجہ دے رہا ہے ۔


