ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر امن کیلئے سیاسی و عسکری قیادت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، پاکستان کی دھرتی پر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، معرکہ حق و آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن پاکستان کی طاقت اور ہنر مندی دیکھ کر دنگ رہ گیا تھا۔
ہفتے کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک، تنازعات کا حل مذاکرات سے کرنے پر یقین رکھتا ہے، عالمی سطح پر امن کیلئے سیاسی و عسکری قیادت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دھرتی پر کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، معرکہ حق و آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی حکمت عملی پوری دنیا نے دیکھی، پاکستان ایئر فورس نے ناصرف دشمن کے جہاز گرائے بلکہ تاریخ رقم کی، دشمن پاکستان کی طاقت اور ہنر مندی دیکھ کر دنگ رہ گیا تھا۔


